ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جنوبی سوڈان میں علاقائی امن فورس کی تعیناتی کی منظوری

جنوبی سوڈان میں علاقائی امن فورس کی تعیناتی کی منظوری

Sat, 06 Aug 2016 16:07:55  SO Admin   S.O. News Service

خرطوم،6؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جنوبی سوڈان نے شہریوں کے تحفظ اور امن ڈیل کے اطلاق کی خاطر علاقائی فورس کی تعیناتی کو منظور کر لیا ہے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب صدر سلوا کیر اور سابق نائب صدر ریک مچار کی حامی فورسز کے مابین تازہ جھڑپیں رونما ہوئی ہیں۔ قبل ازیں سلوا کیر غیر ملکی فورسز کی تعیناتی کے خلاف تھے۔ اس افریقی ملک میں سیاسی بحران کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسی تشدد کے باعث بہت سے لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، جو اقوام متحدہ کے شیلٹر ہاؤسز میں رہنے پر مجبور ہیں۔

گولن کو ملک بدر نہ کیا جائے:وکلا
واشنگٹن ،6؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکہ میں مقیم مسلمان عالم دین فتح اللہ گولن کے وکلا نے کہا ہے کہ ترکی نے اس بات کا ثبوت فراہم نہیں کیا کہ پچھلے مہینے تختہ الٹے جانے کی ناکام کوشش میں وہ ملوث ہیں، جس کے بعد ہی اُن کی ممکنہ ملک بدری ہو سکتی ہے۔ گولن کے ایک اٹارنی، ریڈ وائن گارٹن نے کہا کہ اُن کے مؤکل کے خلاف سازش کے الزامات کی پیچیدگی اور بیہودگی کا پتا لگتا ہے، یہ کہنا کہ بغاوت کے پیچھے اُن کا اور سی آئی اے کا ہاتھ تھا، جن الزامات کی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ وائن گارٹن نے اس بات کی جانب توجہ دلائی کہ گولن کی ملک بدری کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے ترکی کے تین وزرا امریکہ آئے تھے۔وائن گارٹن کے الفاظ میں اِن الزامات کی انتہا یہ ہے کہ ہم ترک حکومت کی جانب سے سرکاری اقدامات کو دیکھتے ہیں، جو ہمارے لیے باعثِ تشویش ہیں۔ ہم نے دیکھا کہ تین وزرا یہاں آئے۔ ہماری سمجھ کے مطابق، وہ امریکہ پر دباؤ ڈالنے آئے تھے کہ ملک بدری کی درخواست پر عمل کیا جائے۔

امریکہ نے ترکی سے کہا ہے کہ وہ عالم دین کے ملوث ہونے کا ثبوت پیش کرے تاکہ ملک بدری کا عمل شروع کیا جاسکے۔ وائن گارٹن کا کہنا ہے کہ ترکی نے اپنے دعوؤں کی حمایت میں ثبوت فراہم نہیں کیا۔ریڈ گارٹن کے الفاظ میں ملک بدری دراصل قانونی کارروائی ہے۔ ہم قانون دان ہیں، ہم ثبوت پر چلتے ہیں اور ہم باضابطہ عمل کو دیکھتے ہیں۔ اس لیے، ملک بدری کی کارروائی کا ثبوت ضروری ہے اور ضوابط کی پاسداری لازم ہے۔بغاوت کے بعد ترکی میں لوگوں کو ہٹائے جانے کے اقدامات پر، وائن گارٹن نے ملک میں گولن کو مقدمے کی کارروائی میں انصاف میسر آنے کے معاملے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ اور زور دے کر کہا کہ اُن کے مؤکل کو ملک بدر نہ کیا جائے، وہ ملک بدر نہیں ہوں گے۔

کراچی بارش کی لپیٹ میں، معمولات زندگی بری طرح متاثر
کراچی،6؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں گزشتہ روز سے ہونے والے بارش کے باعث شہر میں کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور ٹریفک کی آمدو رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔کراچی شہر میں جمعہ کو بارش کا سلسلہ شروع ہو ا جو وقفہ وقفہ سے ہفتے کو بھی جاری رہا اس دوران شہر میں دو مختلف علاقوں میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔بارش کی وجہ سے شہر کی کئی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا اور ٹریفک کی آمدورفت اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ہفتہ کو مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی تو بحال کر دی گئی لیکن اب بھی کئی علاقے اس سے محروم ہیں۔کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث چار سو کے لگ بھگ فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے جن کی بحالی کا کام بتدریج جاری ہے۔پاکستان کے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

جرمنی میں ترک سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کی تعداد میں اضافہ
برلن،6؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)رواں برس کی پہلی ششماہی کے دوران سترہ سو ترک شہریوں نے جرمنی میں پناہ کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں، جو گزشتہ تمام برس کے دوران جمع کرائی جانے والی درخواستوں کے برابر ہیں۔ جرمنی میں مہاجرت اور تارکین وطن کے وفاقی دفتر کے مطابق ان میں زیادہ تر ترکوں کا تعلق جنوب مشرقی کرد علاقوں سے ہے، جہاں ملکی فوج اور کرد علیحدگی پسندوں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں سے 6.7فیصد درخواست دہندگان کو جرمنی میں پناہ دی جا چکی ہے۔


Share: